Aaj ka Pakistan written by Aiza Majeed
"آج کا پاکستان "
عائزہ مجید||سیالکوٹ_بجوات
ہمیں دو نہیں ایک پاکستان کا نعرہ دیا گیا۔ ہمارا عزم تو یہی رہا ہے کہ ہم دو نہیں ایک پاکستان چاہتے ہیں جہاں رنگ و نسل, امیر و غریب اور طاقت کے زور سے بالاتر ہو کر انصاف کا بول بالا کیا جائے۔ لیکن کیسے؟ کیسے کاغذی پاکستان کو حقیقی پاکستان بنایا جائے؟ محض نعروں سے ہی تو تبدیلی نہیں آ سکتی۔ یہاں پر ہر سیاستدان ایک دوسرے پر کرپشن کے الزامات لگاتا ہے۔ اقتدار میں آنے والا اپنے سے پہلے لوگوں کو کرپٹ کہتا ہے۔ کرپشن کے الزامات میں پکڑے گئے دوسروں کا بھی احتساب چاہتے ہیں۔پی ڈی ایم کے جلسوں کی بھرمار ہے وہ حکومت پر کیچڑ اچھالنے میں مصروف ہیں۔ سب ہی دوسروں کو کرپٹ کہتے ہیں تو آخر کرپٹ ہے کون؟ کتنے ہی لوگوں کو کرپشن کی سزا دی گئی؟
ملک میں غیر یقینی سیاسی حالات کسی طور بھی معاشی استحکام کا سبب نہیں بن سکتے۔ حکومت کو چاہیے کہ تمام سیاسی جماعتوں میں استحکام پیدا کرے۔ کیونکہ اس کا ذمہ دار حکومت کو ہی ٹھہرایا جائے گا۔ سب کو چاہیے کہ ایک دوسرے کو لعن طعن کرنے کی بجائے ہر کوئی اپنا احتساب کرے خود اپنے گریبان میں جھانک کر دیکھے کہ کون کتنا ایماندار ہے۔ ہم ترقی کرنے کے لیے یا ملک کی بہتری کے لئے دوسروں سے ہی امیدیں کیوں وابستہ کرتے ہیں۔ خود کچھ کیوں نہیں کرتے۔ اب جوبائیڈن کے امریکی صدر منتخب ہونے پر بہت سی امیدیں وابستہ کرنا! ہمیں مقامی لیڈر کیوں نہیں بھاتا۔ ہر ملک اور قوم کی ترقی کا ایک مخصوص مزاج ہوتا ہے جس کے برعکس جا کر کامیابی اور ترقی نہیں ملتی۔ بے ایمانی، دغابازی اور کذب بیانی سے ہم کبھی بھی ریاست مدینہ قائم نہیں کر سکتے۔ ہمیں خود کو بدلنے کا وقت ہے دو کی بجائے ایک پاکستان کی تکمیل کا وقت ہے ۔ ہمیں پہلے خود متحد ہو کر اپنے قائد کے نقش قدم پر چلنا ہوگا۔ تب جا کر ہی ترقی کی راہ پر گامزن ہوں گے۔
افراد کے ہاتھوں میں ہے اقوام کی تقدیر
ہر فرد ہے ملت کے مقدر کا ستارہ
*********************************
No comments