Adhori Kahani Written by Sheeba Hanif
"اب آپ یہاں سے جائیں۔" خوف نے سر اٹھایا تو وہ بے ساختہ بول اٹھی۔ "آپی اٹھ گئی تو مصیبت ہو جائے گی۔" اس نے اس کے کان میں سرگوشی کی۔
"میں تمہارے بغیر نہیں رہ سکتا ہوں۔" وہ مدہوشی میں بولا
"مگر … آپی ؟؟؟؟؟؟.... " وہ کچھ بولتے بولتے رک سی گئی۔
"چپ " اس نے اسے خاموشی کا اشارہ کیا۔
"شبو ! ہمنہ کا فیڈر بنا دو۔" ساجدہ نے اسے آواز دی۔
"میں ابھی لائی۔" اس نےجان سے پیاری آپی کی آواز پہ لبیک کہا۔
"یہ لو میری گڑیا کا فیڈر۔" اس نے نوزائیدہ پری آغوش میں لی اور واری صدقے ہونے لگی۔
ساجده نیم مدہوشی میں بہن اور بچی کو دیکھنے لگی۔" نجانے کیوں ہر وقت مجھے غنودگی سی طاری رہتی ہے؟اس نے چکراتے ذہن سے سوچا۔
"یہ لو! اس نے اسے ادویات پکڑائیں۔
اس نے مسکرا کر اپنے محبوب شوہر کو دیکھا۔ بھرپور مردانہ وجاہت, پرکشش سانویلی رنگت گھنی مونچھیں اس نے دل ہی دل میں اپنے محبوب کی نظر اتاری۔
"میں اب ٹھیک ہوں۔ مجھے مزید ادویات کی ضرورت نہیں ہے " محبت پاش نظروں سے دیکھتے ہوئے وہ مذید دوا لینے سے انکاری ہوئی۔
"مگر مجھے تمہاری ضرورت ہے۔" اس نے دوا کھولی اور لاڈ سے اپنی زوجہ کے منہ میں ڈال دی۔
" اب آ بھی جاؤ۔ " اس نے اسے اشارہ کیا تو مقصد جان کر وہ شرمائی۔
_____
" میں کتنے دنوں کے بعد بازار گئی۔ میں نے ننھی پری کی ڈھیر ساری شاپنگ کی ہے۔"
وہ خوشی خوشی بہن اور شوہر کو شاپنگ دکھانے لگی۔
" اور دیکھو تو! میں اپنی بہن کے لئے کیا لائی ہوں؟بڑی بہن نے پیار سے چھوٹی بہن کو پچکارا:
نجانے کیوں شبو کی کھلتی رنگت زردی میں ڈھلتی جا رہی تھی؟ وہ پیار سے اس کے منہ میں چمچ بھر بھر بریانی ڈالنے لگی۔ تمہاری پسندیدہ کراچی بریانی ہے۔
وہ بہن کی محبتوں کی مقرو ض تھی۔ جس نے دورانِ زچگی اور زچگی کے بعد اس کا اور اس کی بچی سمیت گھر بارکا خیال رکھا۔
"جیرو ! شبو کو چھوڑ آو۔" اس نے اپنے محبوب شوہر کے بالوں پہ ہاتھ پھیرتے ہوئے نرمی سے کہا۔
کہاں؟ بیوی کی آغوش میں سر دئیے وہ ایک دم سے چونکا۔
"قبر ستان۔" اس کے ساتھ ہی اس نے تیز دار چھری اس کی گردن پہ چلا دی جب کہ دوسرا وار اس کے سینے پہ کرتے ہوئے بولی۔
"میں نے تم سے سچا پیار کیا تھا جیرو! میں تمہاری بدلی ہوئی نظر اور اپنی بہن کی بگڑی ہوئی حالت نہیں جان پاؤں گی کیا؟"
خون کا فوارہ جیرو کی گردن سے پھوٹ پڑا۔
"ج … جی … ر… و. آ… آپ … آپی؟؟ وہ گرتی پڑتی منہ سے نکلتی جھاگ لیے بہن اور بہنوئی کے پاس آ پہنچی۔
آج کی تازه خبر , آج کی تازہ خبر ,سالی نے بہنوئی کے قتل کے بعد زہر پھانک لیا۔
ختم شد
No comments