Mtloob kon? Urdu Column written by Hira Ikhlaq
مطلوب کون؟
از قلم حرا اخلاق
سمجھ نہیں آتا کیسے سمجھاؤں۔۔۔
زندگی چھوٹی سی ہے۔۔پھر اسے اس دنیا کے جھمیلوں میں گزار کے کیا کرنا۔۔ لوگ قدر نہیں کرتے لوگ پیار نہیں کرتے لوگ وفا نہیں کرتے تو کرنا کیا ہے ان کی قدر کا ان کے پیار کا۔ اللہ ہے نا؟ کیا وہ اتنا کامل نہیں ہے کہ زندگی اس کے سہارے خوشی سے گزاری جا سکے؟ خالق سے مخلوق کو مانگنا غلط نہیں ہے۔ مگر اللہ سے اللہ کو ہی نہ مانگنا غلط ہے۔ بہت غلط ہے۔ اب کہو گے کہ اللہ کو مانگا مگر وہ ملا ہی نہیں؟ یہ بات تو ماننے میں نہیں آ سکتی نا۔ کیا اللہ سے اللہ کو اتنا مانگا جتنا اس کے مانگنے کا حق ہے؟ جتنا پیار کبھی مخلوق سے کیا تھا کیا اللہ سے کیا؟ دیکھو۔۔ ٹھیک ہے تمہاری ہر خواہش ٹھیک ہے جائز ہے۔ مگر کیا وہ اللہ سے بڑھ کر ہے؟ اللہ اکبر ہمیشہ کہتے تو ہو مگر کیا اس پر عمل پیرا بھی ہو؟ اللہ تو سب سے بڑا ہے نا۔ ہمارے ہر دکھ ہر تھکاوٹ ہر خواہش ہر چیز سے بڑا۔ وہ تو ہمارے لئے پہلے نمبر پر ہونا چاہئے نا۔
میں نے یہ بھی دیکھا ہے کچھ لوگ کہتے ہیں۔ ہم اللہ سے دعا کرتے ہیں اللہ یا وہ مل جائے یا تو مل جائے۔ یہ کیسی عجیب سی وجود کو ٹکڑے ٹکڑے کر دینے والی بات ہے نا کہ خالق اور مخلوق کو ہی آمنے سامنے لے ائے؟ ارے مانگنا ہے تو یہ مانگو کہ اللہ تو مل جا۔ اللہ تو مطلوب ہے۔ تو مل جائے تو اور کیا چاہئے ہو گا۔ پھر جو تو دے میں اس پر راضی۔ یہ دنیا تو ختم ہو جانی ہے۔ یہاں کی چاہتیں یہاں کی محبتیں یہیں رہ جائیں گی۔ برزخ میں تو رب اور رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی محبت جائے گی نا ساتھ۔ وہاں تو کوئی بھی نہیں ہو گا۔ وہاں کی تنہائی کے آگے تو یہ تنہائی کچھ بھی نہیں ہے۔ مگر کوئی ہے جس کا ساتھ یہاں پا لو گے تو وہ وہاں بھی نہیں چھوڑے گا۔
"اللہ" بےشک وہی تو ہے۔ سچا ساتھی۔ وہ جو بقا ہے۔ وہ جو کبھی ساتھ نہیں چھوڑتا۔ وہ جو آزمائش بھیجتا ہے تو اس سے نکلنے کا طریقہ بھی بتا دیتا ہے۔ وہ جو آزمائش بھیجتا ہے تو اس میں کامیاب ہونے کے وسیلے بھی بھیج دیتا ہے۔ وہ جو کہتا ہے مجھے پکارو میں قبول کروں گا۔ تو جب وہ کہہ رہا ہے مجھے پکارو میں قبول کروں گا۔ اتنی بڑی آفر۔ اور اتنا اچھا موقع ملنے پر بھی دنیا کو مانگ لینا؟ اس سے اس کو مانگو تو مانگنے کا بھی حق پورا ہو اور اسے دینے میں بھی مزا آنے۔
جانتی ہوں بہت تھکاوٹ ہو گئی ہے۔ تو اس سے دور رہنے میں تو مزید تھکاوٹ ہو گی نا۔ سکون تو بس اسی کے پاس ہے۔ تو اس سے دور رہنے کا کیا فائدہ؟ دنیا تو فانی ہے نا۔ تو پھر اس کے پیچھے خود کو نقصان دینے کا کیا فائدہ؟ اللہ تم سے بےانتہا محبت کرتا ہے۔ اور وہ چاہتا ہے جس سے وہ محبت کرتا ہے تم بھی اس سے محبت کرو۔ تو خود سے محبت کرو نا۔ سب سے پہلے خود کو وقت دو۔ خود کی قدر کرو۔ خود کو عزت دو۔ کیوں کہ اللہ تو تمہارے دل میں ہے نا؟ اور وہ اللہ ہی ہے جس سے محبت کی جاتی ہے۔
وہ ہم سے بنا کسی غرض کے محبت کرتا ہے ناں۔ تو ہم پر بھی لازم ہے کہ اس سے بنا کسی غرض کے محبت کریں۔ کاش کہ ہم بھی ایسے ہو جائیں کہ اسے پسند آ جائیں۔ کاش کہ جن سے وہ خاص محبت کرتا ہے اس فہرست میں ہمارا نام بھی آ جائے۔ تو کہو کون مطلوب ہے؟
No comments